Uncategorized

پنجاب میں دہشتگردوں کے 39 ٹھکانوں کا انکشاف، فہرست رینجرز کو دینے کا فیصلہ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) دہشت گردی کی حالیہ لہر کے بعد گذشتہ روز لاہور میں ہونیوالے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب میں باضابطہ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا، جس کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اور انٹیلی جنس اداروں نے ایک فہرست مرتب کی ہے، جو کل تک رینجرز کے حوالے کر دی جائے گی۔ مرتب کی گئی فہرست میں پنجاب کے 39 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، جو دہشتگردوں کے ٹھکانے ہیں جبکہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں، فنڈنگ کرنیوالوں اور این جی اوز، مدارس کے ذریعے فرقہ واریت، خطرناک جرائم پیشہ عناصر و دیگر ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کی مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ پنجاب میں 6 کالعدم تنظیموں نے نام بدل کر 9 تنظیمیں بنا رکھی ہیں، جن کو فنڈنگ روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ بعض کے اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں۔

اپیکس کمیٹی کے ہونیوالے اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ رینجرز کو صرف چند اضلاع میں ہی نہیں بلکہ صوبہ بھر میں تعینات کیا جائے اور حکومت کی جانب سے یہ تجویز بھی سامنے آئی تھی کہ انسداد دہشتگردی فورس رینجرز کی معاونت کرے گی، رینجرز کو اہم اختیارات دیئے جائیں اور انفارمیشن ملنے پر مکمل ثبوتوں کیساتھ صوبہ بھر میں کہیں بھی آپریشن کرسکے گی، جبکہ صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس ہفتے میں 2 بار ہوگا، جس میں معلومات کا تبادلہ کیا جائیگا اور آئندہ کی حکمت عملی بھی طے کی جاسکے گی۔ واضح رہے کہ ماضی میں جو سمری پنجاب حکومت کی جانب سے بھجوائی جاتی رہی، اس میں یہ کہا جاتا رہا کہ رینجرز کو اختیارات ہی نہ دیئے جائیں اور رینجرز سی ٹی ڈی اور پولیس کو اسسٹ کرے، جس پر بعض جگہوں پر شدید تحفظات سامنے آئے کہ اس طرح آپریشن نہیں ہوسکے گا جبکہ اب مال روڈ سانحہ کے بعد ہونیوالے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پہلے بھی دہشتگردوں کے ان مراکز کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے، لیکن پنجاب حکومت کی جانب سے ہمیشہ یہ جواب دیا جاتا تھا کہ رینجرز پنجاب میں موجود ہے اور جب ضرورت ہوگی آپریشن کر لیا جائے گا، لیکن اس پر کبھی بھی عمل کی نوبت نہیں آئی۔ اب سانحہ لاہور، پشاور، کوئٹہ اور سیہون شریف کے بعد عوامی دباؤ اتنا زیادہ بڑھ گیا ہے کہ حکومت مجبور ہوگئی ہے کہ ان دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے اس بات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ پنجاب حکومت رینجرز تعینات کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت لے رہی ہے، جس سے دہشتگردوں کو فرار ہونے کا موقع مل جائے گا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کو اختیارات دینے کیلئے سمری گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے، جن کی منظوری کے بعد پنجاب میں صرف 2 ماہ کیلئے رینجرز تعینات کی جائے گی۔ ان دو ماہ میں رینجرز کو کس حد تک کامیابیاں ملتی ہیں یہ آنیوالا وقت بتائے گا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button