Uncategorized

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، پولیس کے 4 ہزار اہلکاروں کو فوجی تربیت دینے کا فیصلہ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)سندھ پولیس کے 4 ہزار اہلکاروں کو فوجی تربیت دی جائے گی، اس بات کا فیصلہ اپیکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں کیا گیا، جو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت چیف منسٹر ہاؤس میں منعقد ہوا۔

زرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن، کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، انٹیلی جنس اداروں کے افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ سندھ پولیس میں 8 ہزار افراد بھرتی کیے گئے ہیں، ان میں سے 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو فوجی تربیت پر بھیجا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی شہر میں مزید 10 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور ان کی مانیٹرنگ کے سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اسٹریٹ کرائمز پر تفصیلی غور کیا گیا اور کراچی پولیس کے سربراہ مشتاق مہر کو یہ ٹاسک دیا گیا کہ وہ اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ اپیکس کمیٹی نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اپیکس کمیٹی کے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ مشیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ کور کمانڈر کراچی نے امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے میں وزیر اعلیٰ سندھ، پولیس اور دیگر اداروں کی کوششوں کی تعریف کی۔ مولا بخش چانڈیو نے بتایا کہ زمینوں پر قبضوں کے مقدمات کو بھی جلد نمٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان خراب کرنے کے 36 منصوبوں کو ناکام بنایا گیا، یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں مک مکا ہوگیا ہے، وزیر میاں محمد نواز شریف کو مبارک ہو کہ ان کے سب سے بڑے مخالف عمران خان نے 2018ء تک انہیں مہلت دے دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button