بلوچستان: ایف سی اور حساس اداروں کی پسنی میں کارروائی، کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد مقابلہ میں ہلاک
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ڈیرہ بگٹی: ایف سی اور حساس اداروں نے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ پاک فوج کے تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی اور حساس اداروں کو دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد ڈیرہ بگٹی کے علاقے پسنی میں مشترکہ کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے اہلکاروں کی موجودگی کو محسوس کرتے ہوئے اُن پر فائرنگ کی جس کے جواب میں فورسز نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو دہشت گردی کے مختلف واقعات فورسز پر حملوں اور سرکاری املاک پر حملوں میں ملوث تھے، فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے 4 ٹھکانے بھی مسمار کردیے ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جن میں 13 مائینز، 13 آئی ای ڈیز، 80 کریکر، 20 کلوگرام بارود، 20 راکٹ مواصلاتی آلات اور دیگر مواد شامل ہے۔