ساہیوال میں دہشتگردوں سے مقابلہ، سی ٹی ڈی انسپکٹر فدا حسین شہید، 4 دہشتگرد گرفتار، 2 فرار ہوگئے
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ساہیوال میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں سی ٹی ڈی کا انسپکٹر شہید ہوگیا، چار دہشتگرد گرفتار، دو فرار ہوگئے، ملزموں سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ساہیوال کے علاقے گڑھ کے قریب دہشتگردوں کے خلاف سی ٹی ڈی نے چھاپہ مارا، دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے سی ٹی ڈی انسپکٹر فدا حسین شہید ہوگیا۔ رینج آفیسر سی ٹی ڈی اقبال جوئیہ سمیت 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سی ٹی ڈی سی ٹی ڈی نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ سی ٹی ڈی نے جوابی کارروائی کی، جس میں 4 دہشتگرد گرفتار کر لئے، ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
دیگر ذرائع کے مطابق ساہیوال میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں فائرنگ سے ایک انسپکٹر شہید، ڈی ایس پی سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس نے چار دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہڑپہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں انسپکٹر فدا حسین شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق شہید ہونے والے انسپکٹر کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مقابلے میں چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو فرار ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔