جمیل چوک پشاور میں کالعدم طالبان کا ’خودکش حملہ‘ 4 ہلاک
شیعہ نیوز (پشاور) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس کے مطابق ایک مبینہ خودکش دھماکے میں چار خواتین ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ دھماکہ پشاور میں چمکنی تھانے کے علاقے جمیل چوک میں ہوا جسے پولیس ممکنہ طور پر خودکش حملہ قرار دے رہی ہے۔چمکنی پولیس کے ایس ایچ او احسان شاہ خان کہ مطابق مبینہ خودکش حملے میں چار خواتین ہلاک ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ اس علاقے میں موجود ایک قبرستان میں قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کر کے آنے والے ایک خاندان کے کسی فرد کا جنازہ تھا جس پر خودکش حملہ آور کا حملہ کرنے کا منصوبہ تھا۔ایس ایچ او احسان شاہ نے مزید بتایا کہ جب پولیس نے اس شخص کا پیچھا کیا تو یہ ایک گھر میں گھس گیا جس گھر میں خواتین قرآن خوانی کر رہی تھیں اور اس کے بعد دھماکہ ہوا۔
اس سے قبل منگل 4 فروری کو پشاور کے قصہ خوانی بازار میں دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد شہید اور 42 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔یہ دھماکہ قصہ خوانی بازار میں اہل تشیع کے اکثریتی علاقے کوچہ رسالدار میں واقع ایک ہوٹل کے قریب ہوا۔ کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان نے ایک بیان میں پشاور میں ہونے والے اس دھماکے سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا جب کے کالعدم طالبان کے ہی ایک زیلی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے سانحہ راولپنڈی کا بدلہ قرار دیا تھا۔