کوئٹہ، ڈبل روڈ پردہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 ایف سی اہلکار جاں بحق، 3 زخمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے مزید چار ایف سی اہلکاروں کو قتل کردیا ہے، جبکہ اس واقعہ میں تین ایف سی اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر لانگو پلازہ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی شہید جب کہ 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کریا گیا، جہاں تینوں اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں، جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقصد کے لئے خوف وہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔