لاہور، پولیس مقابلے میں عمران جھنگوی سمیت تکفیری دہشتگرد تنظیم کے 4 دہشتگرد ہلاک
شیعہ نیوز (لاہور) لاہور میں بادامی باغ کے علاقہ میں بینک ڈکیتیوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم تکفیری دہشت گرد تنظیم کے خطرناک دہشت گرد کو چھڑوانے کے دوران پولیس مقابلے میں 4 خطرناک دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہو ئے۔ سی آئی اے کوتوالی پولیس کے مطابق 237 کے قریب سنگین وارداتوں میں ملوث ملزم عمران احمد خان جھنگوی کو اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بادامی باغ کے علاقہ مورچہ اسٹاپ بند روڈ پر لے کر پہنچے تو اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے اپنے ساتھی کو چھڑوانے کی کوشش کی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران عمران احمد خان عرف جھنگوی اور اس کے 3 ساتھی مارے گئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار افتخار اور مختار زخمی ہو گئے۔ مقابلہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت عمران عرف علی، سرفراز عرف شفقت اور محمد اکمل کے نام سے ہوئی۔ خطرناک دہشت گردوں کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد شہر بھر کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، سرچ آپریشن کو بڑھا دیا گیا ہے اور تمام ڈویژنوں میں ناکہ جات سمیت مشکوک افراد کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔