کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، ڈیفنس سے کالعدم تحریک طالبان کے 4 دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس نے مقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار دہشتگردوں کو گرفتار کرکے شہر میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے، گرفتار دہشتگرد دستی بم حملوں سمیت فرقہ وارانہ کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 1 میں خفیہ اطلاع پر پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی، اور مقابلے کے بعد 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دہشتگردوں میں حنیف عرف ندیم کالا، اشرف علی عرف بھولو، رحمت شاہ اور زاہد حسین شامل ہیں، جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے چار کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ اور چار پستول برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگرد لی مارکیٹ کے قریب جوئے کے اڈے میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ہیں، جس میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ شہر میں جاری فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار دہشتگردوں نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں اہل تشیع و دیگر مخالف فرقے کے چھ افراد کو قتل کیا۔ گرفتار دہشتگردوں سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے مزید ساتھی دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشتگرد شہر میں دہشتگردی کی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔