اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن پاکستان کی جانب سے سندھ یونیورسٹی جامشورو میں 48 واں یوم حسین(ع) کا انعقاد
شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن پاکستان کی جانب سے سندھ یونیورسٹی جامشورو میں 48 واں یوم حسین علیہ السلام کا پروگرام سینٹرل کینٹین لان میں منعقد ہوا، جس میں حجت السلام علامہ صادق رضا تقوی، اھلیسنت کے علامہ مسعود جمال اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائیزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمرعباس غدیری نے خطاب کیا، مقررین نے اپنے خطابات میں کہا ہے کہ بلاشبہ متعدد پہلوؤں کا حامل عاشورا کا عظیم سانحہ، انسانیت کے لئے ایک عظیم سرمایہ ہے ۔کیوں کہ یہ سرمایہ فرزند رسول خدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا اور اطفال حسینی کی بے مثال شہادتوں کے ذریعے حاصل ہوا ہے ۔ دوسری طرف واقعۂ کربلا کسی فرد یا گروہ کے ذاتی مفادات اورحتی قومی مفادات کے لئے بھی وقوع پذیر نہيں ہوا بلکہ یہ واقعہ اور امام حسین علیہ السلام اور ان کے دلیر ساتھیوں کی شہادت ایک مکتب ہے کہ جس میں تمام انسانیت کےلئے، توحید، امامت ، امربالمعروف اور نہی عن المنکر ، حقیقت طلبی ، ظلم کے خلاف جنگ ، انسانی کرامت و عزت اور اس جیسے دیگر دروس اور اہداف ہیں کہ جنہیں حاصل کرنا چاہئے۔ اگر یہ انسان ساز مکتب، نسل در نسل انسانوں میں منتقل ہوتا رہے تو پوری انسانیت کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔ آئمہ اطہار علیھم السلام نے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری منانے پر تاکید کرتے ہوئے ان مراسم کو عوام میں اتحاد و وحدت اور اسلام کی اعلی اقدار کی ترویج کا محور قرار دیا ہے ۔ اس طرح سے کہ آج ایام محرم میں لاکھوں بلکہ کروڑوں انسان ، نسلی امتیاز اور طبقہ بندی اور مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سید الشھداء مظلوم کربلا کی عزاداری مناتے ہيں اور حسینی پرچم تلے جمع ہوتے ہيں۔ ایران کے لاکھوں ولولہ انگيز اور پرجوش عوام نے اسلامی انقلاب کی عظیم الشان تحریک کے دوران محرم و صفر میں خاص طور پر نو اور دس محرم کوایک عظیم طاقت کا مظاہرہ کیا جس نے طاغوتوں کو لرزہ بر اندام کردیا اور جس نے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کو محور قرارد دینے کی ائمہ اطہار علیھم السلام کی تاکید کو واضح اور روشن کردیا۔