کوئٹہ تکفیری دہشتگردوں کے نشانے پر، ایک ہفتے میں پولیس اور لیویز اہلکار سمیت 5 افراد شھید
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کوئٹہ میں تکفیری دہشتگردوں نےایک ہفتے کے دوران پولیس اور لیویز اہل کار سمیت پانچ افراد کو شھید کردیاہے۔صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تماشائی۔
زرائع کے مطابق کوئٹہ میں چند ماہ کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں واضع کمی ہوئی تھی لیکن گذشتہ چند ہفتوں کے دوران ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق منگل کی سہ پہر بروری روڈ کے پاس فیصل ٹاؤن میں ملک دشمن، اسلام دشمن کالعدم تکفیری دہشتگرد گروہ لشکرِ جھنگوی اور سپاہِ صحابہ (اہلسنت و الجماعت) کے موٹرسائیکل سوا ر تکفیری دہشتگردوں نے ایک وکیل جہانزیب علوی کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا کہ جب وہ گاڑی میں عدالت سے گھر جا رہے تھے۔ پیر کو بھی سریاب روڈ پر رکشے میں سوار دو افراد کو موٹر سائیکل سوار تکفیری دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، اس سے پہلے 26 جولائی کو چکی شاہوانی میں اے ایس آئی عزیز الرحمان اور 31 جولائی کو کیچی بیگ میں ایک لیویز اہل کار کو ٹارگٹ کلرز نے نشانہ بنایاگیا۔ کوئٹہ میں 30 جون کو ایک ماہ کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس پابندی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ کوئٹہ میں بم دھماکوں کاسلسلہ بھی دوبارہ شروع ہوتا نظر آرہا ہے، گذشتہ ماہ سریاب کے علاقے میں تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے کئے گئے دو دھماکوں میں تین افراد شھید اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال پر صوبائی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ محض تشویش اور مذمت کے بجائے حکومت کو امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔