صوابی میں فورسز کے آپریشن میں 5 تکفیری دہشت گرد ہلاک، کیپٹن اور سپاہی شہید
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) راولپنڈی: صوابی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد شہید جب کہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوابی کےعلاقے ملک آباد میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شروع کیا تو ایک کمپاؤنڈ میں چھپے دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد شہید ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے کا گھیراؤ کرلیا گیا اور جوابی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں میں سے 3 کی شناخت ماجدعرف خالد، یوسف عرف چھوٹا خالد اور جواد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ 2 کی شناخت نہیں ہوسکی، نامعلوم 2 دہشت گرد افغان ہو سکتے ہیں، ماجد کا تعلق تحریک طالبان پاکستان صوابی چیپٹر سے تھا جب کہ یوسف اور جواد ملک آباد کے رہائشی ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن کے دوران فوجی اہلکاروں کی شہادت پر پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کو نہ صرف ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا بلکہ ان کو فساد پھیلانے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ملک میں دہشت گردی کے واقعات ایک مرتبہ پھر بڑھ گئے ہیں جس کے بعد دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن رد الفساد شروع کیا گیا ہے۔