اورکزئی ایجنسی میں کارروائی، 5 تکفیری دہشتگرد ہلاک ، میجر مدثر اورسپاہی مطیع اللہ شہید
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اورکزئی ایجنسی: آپریشن رد الفساد کے تحت اورکزئی اجنسی میں کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ میجر مدثر اورسپاہی مطیع اللہ شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے گاؤں میرک کلایہ میں ایف سی کے پی کے نے کارروائی کی ، کارروائی کے دوران 5 تکفیری دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر مدثر اور سپاہی مطیع اللہ شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کادران نامی اہم دہشتگرد شامل ہیں۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں خیبرپختونخوا کے علاقے صوابی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پاک فوج کے کیپٹن جنید اور سپاہی امجد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل پاکستان میں وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں افغانستان سے دہشت گردوں کے3پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے میں 5اہلکار شہید جبکہ 10دہشت گرد مارے گئے تھے۔ یاد رہےکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نےگزشتہ روزمہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کے جوانوں اور شہیدوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا تھا۔