پاکستانی شیعہ خبریں

بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 5 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) آپریشن رد الفساد کے تحت ایف سی اور خفیہ اداروں نے بلوچستان میں آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ملک بھر سے 9 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد جاری ہے جس کے تحت 24 گھنٹے میں ملک بھر میں 29 سرچ آپریشن کیے گئے جن میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 9 کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق بلوچستان میں ایف سی اور خفیہ اداروں نے گواک اور منڈ کے مقام پر آپریشن کیے جس میں دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان مقابلہ ہوا اور فورسز کی جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے 2 جوان بھی زخمی ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن رد الفساد کے تحت پنجاب کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر بھی 12 آپریشن کیے جن میں بہاولپور، رحیم یار خان، لودھرا اور پاکپتن میں آپریشن کیے گئے۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فورسز نے باڑا میں آپریشن کرکے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں شاہد اور عبدالرزاق کو گرفتار کرلیا، دونوں دہشت گرد سرحد پار ہدایت پر دہشت گردی کا منصوبہ بنارہے تھے۔ اس کے علاوہ جنوبی وزیرستان کے علاقے گیگا خیل سے بھی بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button