پشاور، ایک گھنٹے میں دو بم دھماکے، 5 افراد زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پشاور میں صبح سویرے ایک گھنٹے میں دو بم دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے علاقے شمستوں میں گرلز سکول کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ سکول کے مرکزی گیٹ کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جنہیں وہاں پر ایک اور بم ملا۔ سکیورٹی حکام نے بی ڈی ایس کو فوری طلب کرکے دوسرا بم ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں نے شمستوں سکول سے واپس آنے والی سی ٹی ڈی کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا اور سڑک کنارے نصب بم سے حملہ کیا۔ تھانہ چمکنی کی حدود خٹکو پل میں کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی وین جائے وقوعہ سے جارہی تھی کہ سڑک کنارے نصب بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجہ میں سب انسپکٹر سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر اعتبار شاہ، ڈرائیور کانسٹیبل اکبر علی اور ہیڈ کانسٹیبل نظار خان بم حملے میں زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ موبائل وین کو بھی شدید نقصان پہنچا۔