کراچی آپریشن، 5 ستمبر سے اب تک کے اعداد و شمار، 422 افراد ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے
شیعہ نیوز (کراچی) شہر قائد میں 5 ستمبر 2013ء سے جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 923 افراد قتل ہوئے جن میں سے 422 ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔ پولیس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اسی عرصے کے دوران 10 ہزار 475 چھاپے مارے گئے اورکارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشتگردی سمیت دیگر مقدمات میں ملوث 17021 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 7524 مقدمات میں ملوث9195 ملزمان کو عدالتوں میں پیش کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے ایل ایم جی، کلاشنکوف اور دستی بموں سمیت دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 5 ستمبر 2013ء سے 20 فروری 2014ء کے دوران کراچی میں پولیس نے 10475 چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے 17 ہزار 21 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس مقابلے کے دوران 811 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 132 ملزمان ہلاک ہوئے۔ ٹارگٹ کلنگ سمیت قتل کے دیگر واقعات میں ملوث 285 ملزمان گرفتار ہوئے، دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث 51، اغوا برائے تاوان میں ملوث 71، بھتہ خوری کے مقدمات میں ملوث 152، ڈکیتی کے 388، آرمز آڑڈیننس کے تحت 3668، منشیات کے مقدمات میں 2256 اور 4648 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 7523 مقدمات میں ملوث 8987 ملزمان کے خلاف سیشن عدالتوں میں چالان پیش کر دیا گیا ہے جبکہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت 175 مقدمات میں ملوث 208 ملزمان کا بھی چالان انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں پیش کیا گیا ہے۔