پاکستانی شیعہ خبریں

کورنگی پولیس کی کارروائیاں، کالعدم طالبان کے کارندوں سمیت 5 ملزمان گرفتار، دستی بم اور اسلحہ برآمد

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کورنگی پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران قتل، گینگ ریپ سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ یہ بات ایس ایس پی کورنگی جنید احمد شیخ بدھ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ زمان ٹاؤن پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر کورنگی کے علاقے غوث پاک روڈ سیکٹر نمبر 4 میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران دو دہشت گرد عبدالواحد ولد اکبر بلوچ اور ظفر علی ولد سخی داد بلوچ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک آوان بم، ایک دستی بم، ایک سیون ایم ایم رائفل، ایک بائیس بور بندوق، ایک رپیٹر اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ملزمان لیاری کے جرائم پیشہ گروپ غفار ذکری کے کارندے ہیں اور کورنگی میں روپوش تھے۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ پاک کالونی تھانے کے ایس ایچ او نعیم احمد پر قاتلانہ حملے میں ملوث تھے جس میں ایک سپاہی عبدالعزیز بھی شہید ہوا تھا، ملزمان نے 8 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

زمان ٹاؤن پولیس نے ایک دوسری کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان راجہ میاں ولد وصی الرحمن اور سرفراز حسین ولد محمد حسین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک رپیٹر، 30 بور پستول اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا جبکہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر دہشت گرد محمد عمران ولد خوجمت خان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ ملزم نے ڈکیتی کے دوران 12 سالہ بچی صائمہ کو زیادتی کے بعد قتل کرکے پانی کی ٹینکی میں پھینک دیا تھا جبکہ ملزم نے دوران تفتیش قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کا ایک ساتھی عبداللہ شیریں اس سے قبل گرفتار ہوچکا ہے۔ ملزم کے ساتھیوں میں عبداللہ بنگش، زبیر، ظہیر پٹھان، داؤد برمی اور فحاشی کا اڈا چلانے والی خاتون میڈم فاطمہ شامل ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button