کوئٹہ،5 شیعہ ہزارہ تاجروں کی شہادت پر علامہ راجہ ناصر کی مذمت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ قبیلے کے پانچ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنائے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دس دنوں میں دس افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جانا حکومتی ناکامی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان تمام واقعات کے پیچھے نون لیگ کی حکومت کے وہ مذہبی اتحاد ی ہیں جو کالعدم دینی جماعتوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ حکومت ان دہشت گردوں کو لگام دے۔ آگ اور خون کا یہ کھیل ختم نہ ہوا تواس کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ حکومت عوام کو جان و مال کا تحفظ نہیں دے سکتی تو اسے فوراََ مستعفی ہو جانا چاہیے۔ملک دشمن طاقتیں بلوچستان کو پسماندہ رکھنا چاہتی ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کی محرومیوں کا پرچار کر کے مذموم مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ملک میں موجود کالعدم تنظیمیں ان غیر ملکی قوتوں کے آلہ کار کے طور پر فرائض سر انجام دے رہی ہیں ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی ان گروہوں کے نشانے پر ہے۔کالعدم تکفیری گروہ پاک چائنا اقتصادی راہدری کے منصوبے کو سبوتاژ کرنے کے لیے اس طرح کی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔ایسے عناصر پر آہنی ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیا کہ ان عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرتے ہوئے انہیں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتا کر کے سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے۔ملک میں امن وامان کے حقیقی قیام کا اب اس کے سوا اور کوئی حل نہیں۔علامہ ناصر نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔