لاہور، سی آئی اے کی رائیونڈ روڈ پر کارروائی، گلشن اقبال سانحہ میں ملوث 5 دہشتگرد ہلاک
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور میں رائیونڈ روڈ پر سی آئی اے پولیس کی کارروائی، پولیس مقابلہ میں 5 دہشتگرد ہلاک۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ دہشتگرد گلشن اقبال پارک پر ہونیوالےخودکش حملے سمیت دہشتگردی کی دیگر کارروائیوں میں ملوث تھے۔ سی آئی اے پولیس کے مطابق انہیں خفیہ اطلاع ملی کہ سانحہ گلشن اقبال پارک میں ملوث دہشتگرد رائیونڈ روڈ پر واقع ایل ڈی اے ایونیو ون سوسائٹی کے ایک گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ سی آئی اے پولیس نے اس مکان پر چھاپہ مارا تو دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 4 دہشتگرد موقع پر مارے گئے جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ بھی دم توڑ گیا۔ ہلاک دہشتگردوں میں سے 3 کی شناخت ہوگئی ہے، جن میں خان وحید، ناصر اقبال اور جنید ظہور شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے قبضے سے 2 عدد کلاشنکوف، 3 پستول، 10 ہینڈ گرنیڈ اور 8 ٹائم ڈیوائسس کے علاوہ ریس کورس پارک، پنجاب اسمبلی اور گلشن اقبال پارک کے نقشے بھی برآمد ہوئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد لاہور میں قادیانیوں کی عبادت گاہوں سمیت دیگر دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق پانچوں دہشتگرد کافی عرصے سے اس گھر میں رہائش پذیر تھے۔