سکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں 5 دہشتگرد جہنم واصل، میجر، حوالدار شہید
شیعہ نیوز: انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر اور حوالدار وطن پر قربان ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کا بہادری و جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں شہادت کا رتبہ پانے والے 31 سالہ میجر علی رضا کا تعلق سرگودھا سے تھا، شہید میجر علی رضا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے حوالدار نثار احمد نے بھی جام شہادت نوش کیا، 38 سالہ شہید حوالدار نثار احمد کا تعلق وہاڑی سے تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز ہمارے بہادر جوانوں کی مقروض ہیں، علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔