ملا فضل اللہ سمیت 615 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 77 کروڑ روپے مقرر
شیعہ نیوز (پشاور) خیبر پختونخوا حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ سمیت 615 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مجموعی طور پر 77 کروڑ روپے مقرر کردی، صوبائی محکمہ داخلہ نے ملا فضل اللہ اور منگل باغ سمیت انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی جب کہ اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ، منگل باغ، ڈی آئی خان جیل توڑنے میں ملوث قاری بشیر اور سمیع اللہ کے سروں کی قیمت ایک ایک کروڑ روپے مقرر کی ہے جب کہ دیگر انتہائی مطلوب 15 دہشتگردوں کے سروں کی قیمت 50،50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق انتہائی مطلوب دہشتگردوں کا تعلق پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، سوات سمیت 22 اضلاع اور ملحقہ قبائلی علاقوں سے ہے، جنہیں مقامی عدالتوں نے انتہائی مطلوب دہشتگرد قرار دیا ہے۔