68 روزہ ایام عزاء اختتام پذیر،آج عید شجاع منائی جائیگی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملتان:.68 روزہ ایام عزاء اختتام پذیر، ملتان سمیت ملک کے 3 شہروں میں ایام عزاء کے آخری ماتمی جلوسوں میں چپ کے تعزیے برآمدکئے گئے ۔ آج ملک بھر میں ’’عید شجاع‘‘ منائی جائے گی۔ عزادار ماتم داری چھوڑ کر خوشیوں بھری تقریبات کا اہتمام کریں گے ۔ علاوہ ازیں حضرت امام حسن عسکریؑ کا یوم شہادت گزشتہ روز عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ملتان میں محلہ ناصر آباد جھک اندرون پاک گیٹ سے ایام عزاء کا آخری ماتمی جلوس برآمد ہوا جبکہ شاہین مارکیٹ میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ بوہڑ گیٹ چوک پر جلوس میں شریک ماتمی دستوں نے زنجیر زنی کی۔ لائسنسدار اخلاق حیدر صدیقی کے گھر سے ماتمی جلوس برآمد ہوا ۔ جلوس سے قبل انکی رہائشگاہ پر مجلس عزا ء منعقد کی گئی ۔ قبل ازیں چوک شہیداں میں امام بارگاہ مائی بیگم سے بسلسلہ چہلم حضرت امام زین العابدینؑ ماتمی جلوس برآمد ہوا ۔ جس کی قیادت شفقت حسنین بھٹہ ، خلیفہ الطاف حسین ودیگرنے کی۔