طالبان کے 69 گروپ مذاکرات کے حامی نہیں، انہیں را اور سی آئی اے کی آشیرباد حاصل ہے
شیعہ نیوز(لاہور) حساس اداروں نے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا ہے کہ طالبان کے 69گروپس مذاکرات کے حامی نہیں ہیں جبکہ ملک میں بدامنی پھیلانے کیلئے انہیں بھارتی خفیہ ایجنسی (را) اور امریکی (سی آئی اے) کی طرف سے مسلسل فنڈنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان امیر مولوی فضل اللہ کی زیرصدارت افغانستان کے علاقہ کنہڑ میں چند روز قبل پاکستان کے بعض اہم مقامات،قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور اعلیٰ افسران کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کئے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق 300غیر عسکری طالبان کو رہا کرنے کے کوئی مثبت نتائج سامنے نہیں آئینگے بلکہ یہ طالبان بہرطوردہشت گردی میں ملوث رہیں گے ،چنانچہ رپورٹ پرحکومت نے بھی ان غیر عسکری طالبان کو رہا نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔دوسری جانب عسکری ذرائع نے بتایاکہ دہشت گردوں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیلئے تمام تر اقدامات مکمل ہیں اور کسی بھی وقت کارروائی شروع کی جا سکتی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ روز بھی طالبان کیخلاف آپریشن کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے افسران کو ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئیں، ادھر وزارت داخلہ حکام کے مطابق مذاکرات مخالف طالبان کیخلاف آپریشن کیلئے معاملات کافی حد تک طے ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے جنرل (ر)راشد قریشی نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے بہانے کر رہی ہے ، دہشت گردی پھیلانے والوں کیخلاف آپریشن ہی واحد حل ہے ۔