کوئٹہ، دہشتگردی میں 7 شیعہ افراد کی شہادتوں کیخلاف شہر میں سوگ اور شٹرڈاون ہڑتال
کوئٹہ میں گذشتہ روز دہشتگردی کے دو واقعات میں سات افراد کی شہادتوں کیخلاف شہر بھر میں سوگ کی سی کیفیت ہے، جبکہ مختلف تنظیموں کی جانب سے شٹر ڈاون ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ ہڑتال کی کال ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت مختلف شیعہ تنظیموں کی طرف سے دی گئی ہے، جس پر باچا خان چوک، لیاقت بازار، طوغی روڈ، مری آباد، عبدالستار روڈ، آرچر روڈ، مسجد روڈ، قندہاری بازار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کاروباری مراکز بند اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔ گذشتہ روز مسجد روڈ پر افطاری سے قبل ایک گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ میں چار افراد جبکہ رات گئے خدائے داد چوک پر فائرنگ میں دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان واقعات کیخلاف شہریوں نے احتجاج کیا اور وزیراعلٰی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دیگر ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں اہل تشیع تنظیموں، انجمن تاجران اور ہزارہ ڈیمو کرٹیک پارٹی نے گذشتہ روز دہشتگردی کے دو واقعات میں چھ افراد کے جاں بحق ہونے کے خلاف آج شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے، جس پر علمدار روڈ اس کے اردگرد کے علاقوں میں مکمل جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں جزوی ہڑتال ہے۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس نے تین روز کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ واضع رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں چند گھنٹے کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے تھے۔ ٹارگٹ کلنگ کا پہلا واقعہ مسجد روڈ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہزارہ برادری کے تاجر رضا سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ایک کرولا کار میں آئے تھے اور کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ چار گھنٹے بعد خدائے داد روڈ پر پیش آیا، جس میں نامعلوم مسلح افراد نے جوس کی ایک دوکان پر فائرنگ کر دی جس میں دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے سول ہسپتال کے سامنے جناح روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ دوسری جانب وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فائرنگ کے دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ملزمان کے فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ کے ان واقعات کے خلاف ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی اور انجمن تاجران نے شہر میں آج شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔