اصغریہ اسٹوڈنٹس کے زیر اہتمام بھٹ شاہ میں 7 روزہ کربلا محور انسانیت تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام اندرون سندھ کے علاقے بھٹ شاہ میں 7 روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران ملت تشیع اور راہ حق میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شب شہداء کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہداء کی عظمتوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس موقع پر عزاداری کا بھی انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بھٹ شاہ میں مرکزی 7 روزہ کربلا محور انسانیت ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ بھر سے 262 طلبہ نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کے جید علمائے کرام اور دانشور حصرات نے دروس دیئے، جن میں انجنئیر سید حسین موسوی، علامہ باقر زیدی، علامہ شیخ غلام محمد سلیم، شیعہ علما کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ باقر نجفی، علامہ عروج زیدی، انجنئیر تصور حسین، سابقہ مرکزی صدر ثابت علی ساجدی، پرویز علی لاڑک، غضنفر مہدی، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید پسند علی رضوی، انجنئیر سید مزمل حسین موسوی، عباس اصغری سمیت دیگر شامل ہیں۔
یاد شب شہداء میں اے ایس اوکے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی اور صحافی نثار عابدی نے خطاب کیا۔ قمر عباس جتوئی نے کہا کہ شہداء نے ہمیں استقامت اور جرأت بخشی ہے کہ آج ہم ستمگروں کی نظروں سے نظر ملا کر چل رہے ہیں، وطن عزیز کی خدمت کرنے والے پروفیسرز، ڈاکٹرز، انجنئیرز، تعلیمی ماہرین کو قتل کرکے دہشتگرد نے سامراجی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا پاکستان ہمارے شہیدوں کے مقدس خون سے پاک ہو چکا ہے، افسوس ہے کہ دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والے اسمبلیوں میں موجود ہیں اور ان کی سرپرستی کر رہے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ افواج پاکستان بلاتفریق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کرکے ملک میں امن قائم کرے۔ شب یاد شہداء میں شہید فاؤنڈیشن کی جانب سے تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ شرکاء نے عزاداری برہا کرکے شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کیا۔