پاکستان کا سترواں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، علامہ مختار امامی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ پاکستان کا سترواں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، آزادی کی تقریبات کے حوالے سے ہم نے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ایک محب وطن جماعت ہے اور ملک دشمن تکفیریوں کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی آئی ہے، سندھ کی سرزمین جو ہمیشہ امن و محبت کا گہوارہ رہی ہے گذشتہ چند سالوں سے ایک سازش کے تحت یہاں دہشت گردوں کے مراکز اور سہولت کار پیدا کئے گئے ہیں۔
علامہ مختار امامی نے علامہ عارف حسین الحسینی کی 29ویں برسی اور ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مہدی برحق کانفرنس کے شاندار انعقاد پر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملت تشیع نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم وہ زندہ و بیدار قوم ہیں جو اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرتی۔
انہوں نے اسلام آباد کی انتظامیہ کو بہترین سیکورٹی فراہم کرنے اور میڈیا احباب کا بہترین کوریج پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے استحکام کے لئے اتحاد امت انتہائی ضروری ہے، شیعہ سنی علماء کی طرف سے تکفیری گروہوں کی حوصلہ شکنی نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں تکفیریت کی کوئی گنجائش نہیں، جو قوتیں تکفیریت کو پروان چڑھانا چاہتی ہیں انہیں شیعہ سنی وحدت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔