پاکستانی شیعہ خبریں

بلوچستان کے سرکاری محکمے سرکاری خزانے کے 8 ارب 38 کروڑ روپے مقروض

شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) بلوچستان کے 12 سرکاری محکموں نے آڈٹ کے دوران تسلیم شدہ ریکوری کے 8 ارب 38 کروڑ کئی ماہ گزرنے کے باوجود تاحال سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائے۔ آڈیٹر جنرل پاکستان نے رقم جمع کرانے کیلئے محکموں کے سربراہان کو خط لکھ دیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 2016-17ء کی آڈٹ رپورٹ اور محکمانہ اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاسوں میں 8 ارب 38 کروڑ 44 لاکھ روپے کی رقم کی نشاندہی ہوئی تھی، جو بلوچستان کے بارہ سرکاری محکموں نے بے ضابطگیوں اور خرچ نہ ہونے سمیت مختلف وجوہات کی بناء پر واپس سرکاری خزانے میں جمع کرانا تھی، لیکن اسے ابھی تک جمع نہیں کرایا گیا۔ بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 2 ارب 64 کروڑ، محکمہ معدنیات نے 2 ارب 34 کروڑ، محکمہ آبپاشی نے ایک ارب 75 کروڑ، بورڈ آف ریونیو نے ایک ارب 30 کروڑ 93 لاکھ، محکمہ تعمیرات و مواصلات 19 کروڑ، محکمہ خوراک 3 کروڑ 49 لاکھ، محکمہ صحت نے 10 کروڑ 58 لاکھ، محکمہ تعلیم 4 کروڑ 22 لاکھ، محکمہ صنعت 7 کروڑ 15 لاکھ، پبلک ہیلتھ انجینئر 6 کروڑ 89 لاکھ اور محکمہ زراعت نے چار کروڑ 10 لاکھ کی ریکوریز تسلیم کی تھی اور آڈیٹر جنرل کو رقم سرکاری خزانے میں واپس جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

آڈٹ رپورٹ گذشتہ سال اکتوبر میں سامنے آئی تھی، لیکن پانچ ماہ گزرنے کے باوجود مذکورہ محکموں نے رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کے بلوچستان دفتر نے مذکورہ بالا محکموں اور محکمہ خزانہ کے حکام کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خطیر رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں مذکورہ محکموں کے خلاف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں معاملہ اٹھایا جائیگا۔ یاد رہے کہ آڈٹ رپورٹ میں 36 محکموں میں 17 ارب کی مالی بے ضابطگیوں کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button