کراچی میں 8، 9 ، 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری
شیعہ نیوز (کراچی) محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی ، حیدر آباد ، سکھر ، خیرپور ، سانگھڑ میں آٹھ محرم سے دس محرم تک ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز عباسی نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی ،حیدر آباد، سکھر، خیرپور اور سانگھڑ میں ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ ڈبل سواری سے خواتین ، بچے ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور صحافی مثتثنیٰ ہونگے ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ محرم کے دوران اسلحہ لے کر چلنے کے اجازت نامے بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس کو اس پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔لاہور میں نو اور دس محرم کو دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہوگی جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔دریں اثناء سیکورٹی انتظامات کے جائزے اور شو آف پاور کیلئے اسلام آباد میں پاک فوج ، رینجرز اور وفاقی پولیس نے فلیگ مارچ کیا ، فورسز کے افسران ، مسلح کمانڈوز اور درجنوں گاڑیوں نے حصہ لیا۔پاک فوج ، رینجرز ، وفاقی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ فلیگ سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد سے شروع ہوا ، فلیگ مارچ کا مقصد محرم الحرام میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور شو آف پاور ہے۔ فلیگ مارچ میں ایس ایس پی آپریشنز، چاروں زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور سترہ تھانوں کے ایس ایچ اوز شریک تھے ۔ اس کے علاوہ فورسز کے مسلح کمانڈوز، درجنوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں نے بھی فلیگ مارچ میں حصہ لیا۔ فلیگ مارچ شہر کے مختلف رہائشی علاقوں، کاروباری مراکز، جلوس کے راستوں سے ہوتا ہوا واپس سپورٹس کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوا۔