کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)شہر قائد میں پولیس نے 8، 9 اور 10 محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 8، 9 اور یوم عاشور کے موقع پر ماتمی جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے مرکزی جلوس کی گزر گاہوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند، جبکہ مارکیٹوں اور دکانوں کو آج رات سے سیل کر دیا جائے گا۔ جلوس برآمد ہونے سے قبل راستے کی بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیکنگ کی جائے گی۔ جلوس کی گزر گاہوں کی اونچی عمارتوں پر شارپ شوٹر تعینات کئے جائیں گے، کسی بھی شخص کو جلوس کے درمیان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کی بھی تیاری مکمل کرلی ہے۔ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال کر دیا گیا ہے، پولیس موبائلوں میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جو جلوس کے آگے چلیں گے، اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر ایم اے جناح روڈ پر واقع عمارات کے باہر لگے نجی سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی استعمال کیا جا سکے گا