افتخار ملت شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی 8-9 مارچ کو منعقد ہو گی
شیعہ نیوز (لاہور) شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کی مناسبت سے ہونے والی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آئی ایس او کے مرکزی جنرل سیکرٹری تہور عباس حیدری نے کہا ہے کہ زندہ قومیں شہداء کو فراموش نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید قوم کا دل اور باعث افتخار ہوتا ہے، شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی آئی ایس او پاکستان کے بانی ہونے کیساتھ پاکستانی ملت کے عظیم محسن ہیں۔ آئی ایس او کے رہنما کا کہنا تھا کہ امامیہ طلبہ شہداء کے وارث ہیں، ہم شہداء کو کیسے فراموش کرسکتے ہیں، جنہوں نے ملت کی سرفرازی کے لیے اپنا خون جگر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او آج بھی دشمن اسلام کی آنکھ کا کانٹا بن کر جینے والے شہداء کی راہ حریت پر گامزن ہے، عظیم محسن ملت کو خراج عقیدت پیش کرنے اور انکی روح سے تجدید عہد کرنے کے لیے ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 19ویں برسی کا انعقاد 8-9 مارچ 2014ء کو بمقام مرقد شہید، علی رضا آباد کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے عاشقان شہید نقوی شرکت کریں گے۔