ایف سی نے 8 دہشتگرد واصل جہنم کردیے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) دہشت گردوں نے خیبر پختونخوا کے علاقے شبقدر میں ایف سی ٹریننگ سنٹر اور پاک افغان سرحد پر ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کئے ہیں تاہم ان حملوں میں دہشتگردوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے اور ایف سی کی جوابی کارروائی میں 8 دہشتگرد واصل جہنم ہوگئے ہیں۔
تحصیل شبقدر میں مچنی کے علاقے عائشہ کورونہ میں دہشتگردوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے پسپا کر دیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 2 خودکش حملہ آور مارے گئے۔ اس دوران ایف سی کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو شبقدر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد کے مطابق دہشت گردوں نے ٹریننگ سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے تحریب کاروں کے مکرو عزائم کو ناکام بنا دیا۔
دوسری جانب پاک افغان بارڈر پر ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 جوان شہید جبکہ جوابی فائرنگ سے 6 دہشتگرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بارڈر پر دہشتگردوں نے سرحد پار سے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم پاک فوج نے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو واصل جہنم کر دیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے 2 جوان بھی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔