پاکستان اور ایران کا 80 فیصد مصنوعات پر ڈیوٹی میں رعائت دینے پر متفق ہونا خوش آئند ہے، محمد شفیق الرحمن
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاک ایران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان آزاد تجارتی فریم ورک معاہدہ پاکستان کی خوشحالی کی نوید ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سرگودہا چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹیو ممبر محمد شفیق الرحمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔محمد شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کا 80 فیصد مصنوعات پر ایک دوسرے کو ڈیوٹی میں رعائت دینے پر متفق ہونا خوش آئند ہے۔ چیمبر آف کامرس سرگودہا کے سینئر ممبر کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی اور مضبوط روابط دنیا کے سامنے عیاں ہیں۔عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے معاملات طے ہونے سے ایران پر پابندیوں کا خاتمہ عالمی باالخصوص خود ایران اور پاکستان کے لیئے نیک شگون ثابت ہوا ہے۔
محمد شفیق الرحمان کا کہنا تھا کہ گذشتہ حکومت نے جسطرح اپنے دورِ حکومت کے آخری ادوار میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کیا تھا تو موجودہ حکومت کا چاہیئے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ سمیت ایران کے ساتھ ہر اس معاہدے کو بناء کسی خوف و خطر اور دبائو کے پایہ تکمیل تک پہنچائے کہ جس سے پاکستان اور پاکستانی عوام کا فائدہ ہو ۔شفیق الرحمان کا مذید کہنا تھا کہ پاک ایران آزاد تجارتی فریم ورک معاہدہ پاکستان کی خوشحالی کی نوید ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔