شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کے چپ تعزیہ جلوسوں کی سیکیورٹی پر 8628 پولیس اہلکار تعینات
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی:۔ چپ تعزیہ جلوسوں کی سیکیورٹی پر 8628 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں برآمد ہونیوالے چپ تعزیہ کے جلوسوں کی سیکیورٹی پر مرکزی اجتماع کے مقامات اور روٹس پر مجموعی طور پر 8628 پولیس افسران وجوانوں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔یہ بات اے آئی جی آپریشنز سندھ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو آٹھ ربیع الاول کو چپ تعزیہ کے لیے سیکیورٹی اقدامات پر مشتمل ایک رپورٹ میں بتائی ۔اے آئی جی آپریشن سندھ نے آئی جی سندھ کو بتایا کہ نشترپارک تا حسینیہ ایرانیاں ہال جلوس کے لیے 5020جبکہ رضویہ سوسائٹی تا امام بارگاہ شاہ نجف جلوس کے لیے 3608پولیس افسران اور جوانوں کو سیکیورٹی فرائض پر مامور کیا جارہا ہے ۔آئی جی سندھ نے رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس کو جاری ہدایات میں کہا کہ لاڑکانہ، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور بالخصوص کراچی میں سیکیورٹی اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے تمام تر فوکس 12ربیع الاول کے مرکزی اجتماعات، جلوسوں، محافل میلاد، نعت، وعظ، تقاریر ودیگر کی سیکیورٹی پر بھی رکھا جائے اور اس ضمن میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت اورانکی تجاویز کی روشنی میں مرتب کردہ سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو ہر سطح پر ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔