پشاور، لیڈی ریڈنگ اسپتال سے 9 دہشتگردوں کو حراست میں لے لیا گیا
شیعہ نیوز (پشاور) خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال لیڈی ریڈنگ پشاور سے 9 دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق 6 دہشتگرد اپنے 3 زخمی ساتھیوں کو ایک ایمبولینس میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لائے۔ جہاں پولیس نے ان سب کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق، ان دہشتگردوں کا تعلق خیبر ایجنسی میں متحرک ایک کالعدم تنظیم سے ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ان 3 زخمیوں کو پہلے خیبر ٹیچنگ ہسپتال لایا گیا تھا لیکن بعد میں مزید علاج کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال بھیج دیا گیا۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جنگجو سیکیورٹی فورسز یا پھر آپسی لڑائی میں زخمی ہوئے تھے۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کس مقام پر لڑائی میں زخمی ہوئے۔ موقع پر موجود پولیس افسران نے گرفتار شدہ افراد سے متعلق بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان دہشتگردوں کو پولیس وین میں بٹھایا اور ہسپتال سے چلے گئے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے علاقے میں جب ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس سلیم امان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہون نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تھا لیکن انہیں علاج کے لئے داخل کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہسپتال حکام نے پولیس کی جانب سے 9 افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ ایک اور اعلیٰ عہدے دار نے بتایا کہ ان زخمیوں کو بڈھ بیر کے علاقے سے منگل کی صبح کے ٹی ایچ لایا گیا تھا۔ عہدے دار کے مطابق ممکنہ طور پر یہ افراد گزشتہ رات سیکورٹی فورسز پر حملے کے بعد جوابی کارروائی میں زخمی ہوئے۔ ایس ایس پی آپریشنز نجیب الرحمان نے بتایا کہ انہوں نے پشاور سے کچھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے اور بڈھ بیر میں پولیس پر حملے کے حوالے سے ان ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں۔