جے یو آئی (ف) نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی مخالفت شروع کردی
شیعہ نیوز (سکھر) جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل و سابق سینیٹر علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے تحفظ پاکستان بل کی منظوری اور فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت اختیارات دینے کے حکومتی فیصلے کو ملکی آئین سے متصادم اور بنیادی انسانی و جمہوری حقوق کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ جمہوریت کو فوجی آمریت میں تبدیل کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدینہ منورہ سے جے یو آئی ضلع سکھر کے رہنماؤں سے ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت وزیر اعظم نہیں بلکہ کوئی اور طاقت چلا رہی ہے، لگتا ہے ن لیگ 80ء کے عشر ے میں واپس جانا چاہتی ہے، اس کی بے حسی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے اصلی موقف سے ہٹ کر شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کر رہی ہے جو نہ صرف ملکی وحدت کے خلاف ہے بلکہ خود ن لیگ کیلئے سیاسی خودکشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے نام پر پاک افواج کی حمایت میں ریلیاں نکالنے والے دراصل ملک میں مارشل لاء کیلئے راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کو متاثرین آپریشن کیساتھ کوئی ہمدردی نہیں بلکہ وہ انہیں پناہ دیکر ان کے نام پر حاصل کردہ امداد ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔