یوم القدس منانے کا مقصد مسلمانوں کو منظم و بیدار کرنا ہے،علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز (راولپنڈی) ملی یکجہتی کونسل کے سینیئر نائب صدر اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ معصوم اور نہتے مظلوم شہریوں پر اسرائیلی بربریت اور مظالم کے خلاف ملی یکجہتی کونسل کی جانب سے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ ملک بھر کی تمام مساجد میں آئمہ جمعہ کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی جانب سے ظلم کئے جانے کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی اور ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید ساجد علی نقوی نے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی سربراہی میں علماء کرام کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی بھائیوں کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے اور عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لئے وقت ضائع کئے بغیر اپنا مثبت کردار ادا کرے
علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے پورے وسائل استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو روکے۔ اس لئے کہ معصوم نہتے اور مظلوم شہریوں پر اسرائیلی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ اس موقع پر مسلم حکمرانوں کی جانب سے خاموشی تمام مسلمانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، حکومت پاکستان کو چاہیے کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے دوسرے بین الاقوامی اداروں اور اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ میں اسرائیل کے اس ظلم کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم و جارحیت اور مسلمانوں کے قبلہ اول پر اسرائیل کے ناجائز تسلط کے خلاف ہر سال پاکستان میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ (جمعتہ الوداع) کو یوم القدس کے طور پر منایا جاتا ہے، تاکہ مسلمانوں کو منظم و بیدار کیا جاسکے اور وہ قبلہ اول کی آزادی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اس سال 25 جولائی 2014ء (جمعۃ الوداع) کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جا رہا ہے، اس کا مقصد امت مسلمہ کو بیدار اور منظم کرنا ہے۔ ان احتجاجی اجتماعات میں اسلامیان پاکستان سے بھرپور شرکت کی خواہش کی جاتی ہے، تاکہ وہ قبلہ اول کی آزادی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے جاری جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرسکیں اور مضبوط و متحد آواز اٹھاتے رہیں۔