داعش اور القاعدہ دونوں امریکی مفادات کا تحفظ کررہی ہیں، علامہ ریاض شاہ
شیعہ نیوز (لاہور) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ قوم نیا نہیں نظامِ مصطفی والا پاکستان چاہتی ہے۔ تمام طالبان گروہ عصمت اﷲ معاویہ کی تقلید کریں اور ہتھیار ڈال کر امن کا راستہ اختیار کریں۔ غزہ کی تعمیر نو میں اسرائیلی ناکہ بندی رکاوٹ ہے۔ سیاستدان سیاسی بحران کا سیاسی حل نکالیں۔ پاک فوج کا جمہوری عمل کی حمایت جاری رکھنے کا عزم خوش آئند ہے۔ سیلاب کی تباہ کاریوں سے مستقل نجات کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ عالمی دہشت گرد پاکستان پر حملہ آور ہو چکے ہیں۔ نیوی ڈاک یارڈ پر حملہ اور فرقہ وارانہ کلنگ ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ پاکستان میں قانون اور نظام انگریزوں کے زمانے کا ہے۔ ملک میں نئے قانونی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ اﷲ کا ذکر ہی اطمینانِ قلب کا سبب بن سکتا ہے۔ سیلاب سے آنے والی تباہی سنجیدہ رویوں کی متقاضی ہے۔ سیاسی قوتیں سیلاب زدگان کی بحالی کو ترجیح بنائیں۔ دینِ اسلام سراپائے امن ہے۔ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا خلاف حقیقت ہے۔ دنیا میں جہاں بھی امریکی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے وہاں عالمی داعش اور القاعدہ دہشت گرد اسلام کے نام پر حملے کر کے امریکہ کا بدلہ لیتے ہیں۔