مسافروں نے دیر سے آنے والے رحمان ملک اور لیگی ایم این اے رمیش کمار کو جہاز سے اتار دیا
شیعہ نیوز (کراچی) پی آئی اے کے مسافروں نے رحمان ملک کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ نواز کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کو بھی طیارے سے نکال باہر کیا۔ رحمان ملک اور ڈاکٹر رمیش کی وجہ سے جہاز کئی گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوا تھا۔ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ لوگوں میں ان سیاستدانوں اور وی آئی پی کلچر کے خلاف کھڑے ہونے کی ہمت پیدا ہو چکی ہے۔ تفیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 370 کی روانگی میں ڈھائی گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہونے کے بعد مسافروں نے شدید احتجاج کیا، اور تاخیر کا سبب بننے والے پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک اور مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو جہاز سے اترنے پر مجبور کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسافر رحمان ملک اور مسلم لیگ نون کے ایم این اے کو جہاز سے باہر جانے کا کہہ رہے ہیں۔