پاکستانی شیعہ خبریں
شاہ زین بگٹی کے گھر سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
شیعہ نیوز (کوئٹہ) سکیورٹی فورسز نے بلوچ قوم پرست رہنما نواب زادہ شاہ زین بگٹی کے گھر سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نیو الگیلانی روڈ پر سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی کے دوران گھر کے زیر زمین پانی کے خالی ٹینک میں چھپایا گیا اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا۔ برآمد کیے گئے اسلحے میں راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر، ریموٹ کنڑول بم ڈیوائسز اور بارودی مواد شامل ہے، کارروائی کے دوران نوابزادہ شاہ زین بگٹی گھر پر موجود نہیں تھے۔ واضح رہے کہ 23 دسمبر 2010ء کو بھی کوئٹہ کی بلیلی چیک پوسٹ پر شاہ زین بگٹی کے قافلے میں موجود گاڑیوں سے اسلحہ برآمد ہوا تھا تاہم 2013ء میں عدالت نے انہیں اس الزام سے بری کر دیا تھا۔