ملکی و عالمی حالات کے تناظر میں آئی ایس او کے اہم ترین مرکزی کنونشن کا آغاز ہوگیا
شیعہ نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن سفیران ولایت کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ امامیہ اسکاؤٹس نے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، کربلاء گامے شاہ میں قائد ملت جعفریہ مرحوم مفتی جعفر حسین، مغل پورہ میں مولانا صدر الفاضل جبکہ جامعتہ المنتظر میں مولانا صفدر حسین نجفی کے مرقد پر امامیہ اسکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ بروز جمعہ 26 ستمبر سے باقاعدہ شروع ہونے والا آئی ایس او کا مرکزی کنونشن تین روز تک جاری رہیگا۔ کنونشن کے دوسرے روز عالمی مہدویت کانفرنس ہوگی جس میں علامہ امین شہیدی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین اور مرکزی صدر آئی ایس او اطہر عمران طاہر خطاب کریں گے۔ کنونشن میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلباء شریک ہیں جبکہ سیکورٹی کے فرائض امامیہ اسکاؤٹس نے سنبھال لئے ہیں۔
امامیہ چیف اسکاؤٹ کے مطابق جمع صبح لاہور کے علاقے علی رضا آباد میں مرقد شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی پر اسکاؤٹ سلامی ہو گی۔ کنونشن کے اہم پروگراموں میں مہدویت امید بشیریت کانفرنس ہے جس کے بعد شب شہداء کی نشست ہو گی جس میں خانوادگان اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ کنونشن کے آخری روز آئی ایس او پاکستان کے نئے میر کارواں (مرکزی صدر) کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ کنونشن میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات خصوصی طور پر علمائے کرام، سیاست دان، دانشور، ماہرین تعلیم اور طلبہ شریک ہونگے۔ کنونشن کی تقریبات کے بعد آخری روز ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک حمایت مظلومین جہاں ریلی جائے گی۔ ریلی کے اختتام پر نومنتخب مرکزی صدر اسمبلی ہال کے سامنے خطاب کریں گے۔ آئی ایس او کا یہ کنونشن عالمی حالات کے تناظر میں اور ملکی صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کنونشن میں عالمی امور کے ماہرین اور دانشور بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے امت مسلمہ، بالخصوص نوجوانوں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے خطاب کریں گے۔