حالات خراب کرنے کی سازش ہورہی ہے، علامہ ساجد نقوی سازش ناکام بنادیں گے،علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی مذہبی تفریق نہیں ، حالات خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے جسے پہلے کی طرح اب بھی ہماری قیادت سیاسی تدبر اور اتحاد کے ساتھ ناکام کردے گی، سیاسی مسائل بات چیت سے ہی حل ہوتے ہیں، فریقین اپنے موقف میں نرمی پیدا کریں، سیلاب متاثرین امداد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیںگے، مخیر حضرات بھی زیادہ سے زیادہ آگے آئیں۔
جمعرات کو سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورئہ پر جانے سے قبل صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ علامہ سید ساجدعلی نقوی کے حکم کے بعد حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال میں امدادی کارروائیاں فوراً شروع کردی ہیں اوراب تک لاکھوں مالیت کا سامان بھی متاثرین میں بلا تفریق تقسیم کرچکے ہیں جبکہ امدادی کاموں کا جائزہ لینے کےلئے آج سے متاثرہ علاقوں کے دورہ پر جا رہا ہوں۔ انہوں نے حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر سازش کے تحت حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے البتہ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ پاک سرزمین پر نہ مذہبی تفریق ہے اور نہ ہی ہمارا معاشرہ اس کی اجازت دے گا اور اس طرح کا بگاڑ پیدا کرنے والوں کو پہلے کی طرح اب بھی ہماری قیادت سیاسی تدبر اور اتحاد کی طاقت کے ساتھ ناکام کردے گی۔ انہوں نے سیاسی بحران پر سوال کے جواب میں کہا کہ مسائل ہمیشہ بات چیت سے حل ہوتے ہیں سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا فریقین اپنے موقف میں نرمی پیدا کریں اور متاثرین سیلاب و متاثرین ضرب عضب کی مدد کےلئے آگے آئیں۔