طاغوتی نظام کیخلاف جدوجہد کرنے والوں کیلئے حضرت ابراہیم (ع) کی حیات طیبہ مشعل راہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انقلاب اور آزادی کی جدوجہد ملکی تقدیر بدل دے گی۔ بلوچستان کے عوام اس انقلابی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ذوالحج کا مہینہ حضرت ابراہیم خلیل (ع) سے تجدید عہد کا مہینہ ہے۔ ابراہیم بت شکن (ع) نے تن تنہا نمرودی سلطنت کے خلاف قیام کیا۔ باطل طاغوتی نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے لئے خلیل اللہ (ع) کی حیات طیبہ مشعل راہ ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری روابط مولانا عبدالحق بلوچ نے مرکزی سیکرٹری تنظیم برادر یعقوب حسینی کے دورہ بلوچستان کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقعہ پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود آغا سہیل نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان شعبہ فلاح کے زیراہتمام دس اکتوبر کو ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اس سال پانچ مقامات پر تعمیر مساجد کا منصوبہ زیرغور ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال دوسری سالانہ لبیک یا رسول اللہ (ص) کانفرنس انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ کانفرنس میں شیعہ سنی علماء اور اکابرین شریک ہوں گے۔ کانفرنس کا مقصد اتحاد بین المسلمین کا فروغ اور امن و اتحاد کا پیغام عام کرنا ہے۔ اجلاس سے مولانا محمد علی جمالی، مولانا تجمل عباس جعفری اور غلام حسین شیخ نے بھی خطاب کیا۔