پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے فوجی حکومت ضروری ہے، علامہ مرزا یوسف حسین
شیعہ نیوز (کراچی) آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی امن و امان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاراچنار اور گلگت جانے والی مسافر بسوں پر ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔ ’شیعہ نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ کراچی شہر میں کھلے عام کالعدم دہشتگرد گروہ کی جانب سے کھلے عام دھرنے، جلسے جلوس، وال چاکنگ اور فرقہ پرست اور غلیظ نعرے بازیوں کے باوجود ان دہشتگرد گروہوں سے ہی جب نرمی برتی جائیگی تو کبھی بھی امن و امان قائم نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم سپاہ صحابہ (اہلسنت والجماعت)، لشکر جھنگوی، جنداللہ ایک ہی تنظیم کے مختلف نام ہیں،طالبان اور القاعدہ کیلئے بھی یہ تنظیم کام کرتی ہے لہٰذا ایک طرف ان دہشتگرد عناصر کیخلاف آپریشن ضرب عضب اور دوسری طرف انکے ذیلی گروہوں کے ساتھ نرمی اور جرائم سے چشم پوشی ہی ملک میں دہشتگردی کی اصل وجہ ہے۔ علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ پاکستان کو جمہوریت کبھی راس نہیں آئی، یہ ڈنڈے والی قوم ہے، ملک میں قیام امن اور ملک کی سلامتی و بقاء کیلئے فوجی حکومت ضروری ہے جو تمام جرائم پیشہ افراد، دہشتگردوں اور ملک دشمن فرقہ پرستوں کے خلاف بے رحمانہ اور غیر جانبدارانہ کارروائی کرے۔