پاکستانی شیعہ خبریں

کراچی، سینٹرل جیل سے خطرناک دہشتگردوں کو سرنگ کے راستے چھڑانے کا منصوبہ ناکام

شیعہ نیوز (کراچی) سندھ رینجرز نے سینٹرل جیل کراچی سے خطرناک دہشت گردوں کو چھڑانے کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی کے گھر سے بنائی گئی سرنگ پکڑی گئی، دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کئی دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈی جی رینجرز کرنل طاہر نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل کو سرنگ کے ذریعے توڑنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر کئی علاقوں میں چھاپے مارے گئے، جس کے دوران جیل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سرنگ پکڑی گئی، چھاپے کے وقت دہشت گرد سرنگ کے ذریعے اپنے ہدف سےصرف 10 میٹر دور تھے، دہشت گردوں نے سرنگ 55میٹر لمبی کھودنی تھی وہ 45 میٹر کھود چکے تھے۔ کرنل طاہر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد غوثیہ کالونی سے جیل میں گھسنے کے لیے سرنگ بنا رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل سے ملحقہ کالونیوں سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو سرنگ کے ذریعے جیل میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد جیل میں قید ہیں، جیل توڑنے کی کوشش میں کالعدم تنظیموں کے لوگ ملوث ہیں۔ کرنل طاہر کے مطابق پکڑے گئے ملزمان نے بتایا ہے کہ کچھ مہینوں سے سرنگ کھودنے کا کام کر رہے تھے، ملزمان سرنگ سے نکالی گئی مٹی دوسرے علاقے میں پھینک کر آتے تھے، منظم منصوبے کے تحت جیل توڑنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ اندر کی اطلاع کے بغیر باہر کام کیا جائے، ایسے لوگ یقینا ہوں گے جنہوں نے جیل کے اندر سے مدد کی ہو گی، جیل کے قریب مکان ساڑھے پانچ ماہ قبل خریدا گیا تھا، مکان بنانے اور بیچنے والے کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔ کرنل طاہر نے بتایا کہ جیل میں خطرناک قیدی موجود ہیں اس لیے جیل کی سکیورٹی پر کام ہو رہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔ کئی جگہ چھاپے مارے، اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا، کارروائی کے دوران کھدائی میں مصروف لوگوں کو پکڑا گیا، ملزمان سرنگ کھود کر جیل میں موجود کنویں تک پہنچنا چاہتے تھے، ماسٹر مائنڈ پکڑا گیا یا نہیں یہ نہیں کہہ سکتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button