Uncategorized

ملک کے کسی بھی حصے میں عزاداری کیخلاف کوئی سازش قبول نہیں کی جائیگی، علامہ ناصر عباس

شیعہ نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ کربلا ہمیں اتحاد و وحدت کا درست دیتی ہے، کربلا دین کیلئے سب کچھ لٹا دینے کا نام ہے، کربلا انسانی قدروں کو بچانے کا نام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کے امام بارگاہ قدیمی میں استقبال محرم کے حوالے سے منعقد کی گئی مجلس عزا سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں نواسہ رسول (ص) کی یاد منانے اور دین مبین کی سربلندی کیلئے قربانی کا درس دیتا ہے۔ آج جن چیلنجز کا ہمیں سامنا ہے ان کا مقابلہ دین اسلام پر عمل پیرا ہونے سے کیا جاسکتا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ راولپنڈی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، دینی مقدسات کی توہین اور امام بارگاہوں کے جلاو گھیراو جیسے واقعات انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ 
علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ایک طرف جہاں پاک فوج دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے، وہیں دوسری جانب اب داعش کا ایک نیا چیلنج سامنے آرہا ہے، کراچی سمیت مختلف شہروں میں داعش کی وال چاکنگ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس چیلنج سے فوری طور پر نمٹا جائے۔ دہشتگرد اس ملک کو عراق و شام بنانا چاہتے ہیں، ان کے پیچھے غیر ملکی قوتیں ہیں، جو ایک ایٹمی قوت کو توڑنا چاہتی ہیں۔ ہم اپنی وحدت اور اتحاد کے ذریعے اس سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ اس موقع پر علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ دینی مقدسات کی توہین کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا، یہ لوگ غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ جن دہشتگردوں کے ہاتھوں عبادگاہیں محفوظ نہ ہوں، وہ کیسے اسلام کے ساتھ مخلص ہوسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button