داعش کی صورت میں ایک نیا ہولناک خطرہ پاکستان میں داخل ہوچکا ہے، الطاف حسین
شیعہ نیوز (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں سب سے پہلے طالبانائزیشن کی نشاندہی کرنے پر میرا مذاق اڑایا گیا لیکن آج میری باتیں درست ثابت ہوئیں اور اب قوم کو ایک ایسے ہولناک خطرے سے آگاہ کر رہا ہوں جو داعش کی صورت میں ملک میں داخل ہوچکا ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر لندن سے ٹیلی فونک پریس کانفرنس کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ جب میں نے سچ باتوں کی نشاندہی کی تو انہونی لگتی تھیں، میری باتوں کو ناقابل عمل سمجھا گیا، سب سے پہلے کراچی میں طالبان کی نشاندہی کی اور 10 سال سے طالبانائزیشن پر چلاتا رہا لیکن اس وقت بھی وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے بڑے رہنماؤں نے میرا مذاق اڑایا جب کہ اس وقت کے وزیراعظم اور صدر نے میری باتوں کی نفی کردی۔
الطاف حسین نے کہا کہ کہ آج میری باتیں درست ثابت ہوچکی ہیں، جس کے بعد قوم کو ایک ایسے خطرے سے آگاہ کر رہا ہوں جس سے اکثریت کو علم نہیں ہے، پاکستان میں داعش کی صورت میں ایک نیا ہولناک خطرہ داخل ہوچکا ہے جو القاعدہ اور طالبان سے زیادہ خطرناک ہیں، طالبان کے لوگ انہیں چھوڑ کر داعش میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنکھیں کھول کر دیکھا جائے تو صادق آباد سے اسلام آباد تک داعش کے بے پناہ جھنڈے لگے ہوئے ہیں لہٰذا اس سے متعلق عوام میں شعور بیدار کیا جائے، اگر اس بڑھتے ہوئے گروہ پر قابو نہ پایا گیا تو راونڈا کا قتل عام بھول جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف تاریخی جنگ لڑ رہی ہے لیکن فوج ملک کو اکیلے نہیں بچا سکتی، ہم سب کو غیر مشروط طور پر پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوکر اس کا ساتھ دینا ہوگا۔