حیدرآباد میں محرم الحرام پر ہائی الرٹ، 17 مقام انتہائی حساس قرار
شیعہ نیوز (حیدرآباد) سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں محرم الحرام پر ہائی الرٹ، 17 مقام انتہائی حساس قرار، 700 رینجرز، 3 ہزار سے زائد پولیس، 700 کمانڈوز جلوسوں اور مجالس کی حفاظت پر تعینات کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سیکورٹی خدشات کے باعث حیدرآباد میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، ایام عاشورہ میں تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار سات سو رینجرز اور سات سو کمانڈوز ڈیوٹی دیں گی شہر میں 50 سے زائد کلوزسرکٹ کیمروں کی مدد سے جلوسوں، مجالس کے مقامات اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ 9 اور 10 محرم کے جلوس کے راستوں اور ملحقہ گلیوں کو سیل کیا جائے گا اور بلند عمارتوں پر پولیس و رینجرز کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹنڈو جہانیاں میں بھی خفیہ کیمرے نصب کےئے جا رہے ہیں۔ 9 اور 10 محرم کے مرکزی جلوسوں اور تعزیوں اور علم کے جلوسوں کیلئے روایتی راستوں کو سیل کیا جائے گا اور ملحقہ گلیوں رکاوٹیں اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دی جائیں گی جبکہ مرکزی مجالس کے مقامات، جلوسوں کے روٹس کی بم ڈسپوزل کے ذریعے چیکنگ کرائی جائے گی اور جیمرز نصب کر کے میٹل ڈکٹیٹر سے تلاشی لی جائے گی اور واک تھرو گیٹ نصب کےئے جائیں گے حیدرآباد ضلع میں پولیس کو ہائی الرٹ کر کے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔
07 محرم الحرام کو ٹنڈو آغا سے جماعتیوں کاپڑھ، سرے گھاٹ سے خواتین کا ماتمی جلوس، کھاتہ چوک سے سمدھو کی مہندی، گل شاہ بخاری کی مہندی، دین محمد کچھی کا ماتمی جلوس نکالا گیا۔ 08 محرم الحرام کو ٹنڈو جہانیاں اور نسیم نگر میں آگ پر ماتم ہوگا۔ 08 اور 10 محرم کو کھاتہ چوک، کھائی روڈ اور اسلام آباد چوک پر تلواروں کا ہائی دوس ہوگا۔ 10 محرم کو مرکزی ماتمی جلوس قدم گاہ مولا علی سے نکالا جائیگا جو کربلا دادن شاہ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ حیدرآباد ضلع میں مختلف مقامات سے 1495 تعزیئے ، 712 ماتمی جلوس اور 783 مجالس منعقد ہونگیں اور 10 محرم الحرام کو یوم عاشورہ کے موقع پر 201 ماتمی پڑھ ضلع کے مختلف مقامات سے نکالے جائیں گے۔ ان تمام پروگراموں کی نگرانی کیلئے خفیہ کیمرے نصب کرکے تین مختلف مقامات پر کنٹرول روم قائم کیئے گئے ہیں۔ حیدرآباد میں عاشورہ محرم کے لئے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور کمانڈوز جبکہ 700 سے زائد رینجرز اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ سیکورٹی کے حوالے سے 17 مقامات کو انتہائی حساس اور 18 حساس قرار دیا گیا ہے۔