واہگہ بارڈر پر وہابی طالبان کا خودکش حملہ، 55 پاکستانی جانبحق
شیعہ نیوز (لاہور) پنجاب میں پاکستان- انڈیا سرحد کے قریب واہگہ پر ایک وہابی دہشتگردوں کی جانب سے بم حملے میں تین رینجرز اہلکاروں سمیت 55 افراد ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔
میڈیا کے مطابق دھماکا واہگہ بارڈر پر پاکستان گیٹ کے قریب کمرشل ایریا میں موجود ایک تندور میں اس وقت ہوا جب لوگ معمول کی روایتی پریڈ دیکھنے کے بعد گھروں کو جا رہے تھے۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر اسے خودکش حملہ قرار دیا۔
انہوں نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ دھماکے کی جگہ سے بال بیرنگ بھی ملے ہیں۔ سکھیرا کے کہنا تھا کہ پولیس کو پہلے سے انٹیلی جنس معلومات تھیں کہ شہر میں کوئی بڑا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے جڑے ایک گروپ جماعت الحرار اور جنداللہ نے علیحدہ علیحدہ بیان میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
جماعت الحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے افغانستان سے ڈان ۔ کام کو بتایا کہ دھماکا ان کے ایک ساتھی نے کیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ خود کش حملہ آور ایک تھا یا اس سے زائد؟ تو انہوں نے بتایا کہ حملے میں صرف ایک شخص ملوث تھا۔
احسان نے مستقبل میں مزید ایسے دھماکے کرنے کا عہد بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دوسرے گروپ بھی واقعہ کی ذمہ داری قبول کر رہے ہیں لیکن ان کے دعوے بے بنیاد ہیں ۔’ہم جلد ہی حملہ کو وڈیو بھی جاری کریں گے’۔
‘یہ حملہ جنوبی وزیرستان میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں کا انتقام تھا’۔
اس سے پہلے ، کالعدم عسکریت پسند گروپ جند اللہ نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔