لاہور، 9 ویں محرم الحرام کے برآمد ہونے والے جلوس اختتام پذیر ہوگئے
شیعہ نیوز (لاہور) لاہور میں 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے برآمد ہونے والے شبیہہ ذوالجناح اور علم پاک کے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے۔ 9 محرم کو مرکزی جلوس اسلام پورہ کے علاقہ پانڈو سٹریٹ امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقرر راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے امام بارگاہ پانڈو سٹریٹ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس مین بازار، عمر روڈ، نیلی بار چوک، سول سیکرٹریٹ، بورڈ آف ریونیو، ٹیکس آفس سے ہوتا ہوا بابا موج دریا روڈ پہنچا جہاں امام بارگاہ خیمہ سادات میں مجلس عزا ہوئی اور وہاں سے جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس پانڈو سٹریٹ پہنچا۔ اسی طرح شادمان میں بھی نویں کو جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شاہ جمال میں اختتام پذیر ہوا۔ لاہور کے علاقہ وسن پورہ میں بھی امام بارگاہ الحیری سے جلوس شبہیہ ذوالجناح برآمد ہوا۔ کینٹ میں محلہ خراس سے برآمد ہونے والا جلوس شبیہہ ذوالجناح کینٹ کے علاقہ موچی پورہ امام بارگاہ حسینہ میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوسوں کے موقع پر سکیورٹی کی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوس کے اردگرد کی گلیوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔ جبکہ جلوس میں شریک ہونے والوں کی سخت جامہ تلاشی کے بعد شرکت کی اجازت دی جا رہی تھی۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ افسران بھی جلوس کی سیکورٹی کا جائزہ لیتے رہے۔