گجرات، پنجاب پولیس نے اپنا جرم چھپانے کیلئے توہین صحابہ کا سنگین الزام لگایا، وصی نقوی
شیعہ نیوز (گجرات) گجرات کے تھانہ سول لائنز میں جمعرات کی صبح شہادت پانے والے شاعر اہل بیت سید طفیل حیدر نقوی کے بھائی سید وصی حیدر نقوی نے پنجاب پولیس کی جانب سے لگائے گئے توہین صحابہ کے سنگین الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ متوفی نے صحابہ کی شان میں کسی قسم کی گستاخی نہیں کی اور اس کی دماغی حالت بھی مکمل طور پر درست تھی، پولیس نے جرم چھپانے کے لئے سنگین الزام لگایا۔ وصی حیدر نقوی کا کہنا تھا کہ سید طفیل حیدر جھنگ سے گجرات شام غریباں کی مجلس کے سلسلہ میں آیا تھا، جسے بدھ کی شام ساڑھے سات بجے کے قریب پولیس نے گرفتار کیا، اور جمعرات کی صبح اے ایس آئی فراز نوید نے وحشیانہ انداز میں کلہاڑیوں کے وار کرکے اسے شہید کیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پنجاب پولیس میں شدت پسندی اور عام شہریوں پر وحشیانہ تشدد معمول کی بات ہے، جس کے بعد اپنے کارندوں کو قانون کی گرفت سے بچانے کے لئے سنگین الزامات لگا دیئے جاتے ہیں۔