ٹیکسلا، حساس ترین علاقے میں تکفیری گروہ داعش کے جھنڈے لہرا دیئے گئے
شیعہ نیوز (ٹیکسلا) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پنجاب کے شہر ٹیکسلا سے شدت پسند گروپ دولت الاسلامیہ (داعش) کے 4 جھنڈے قبضہ میں لیے ہیں۔ شام اور عراق میں لڑنے والے اس گروپ کے جھنڈے ٹیکسلا میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے قریبی علاقے میں بجلی کے کھمبوں پر نصب تھے۔ وفاقی دارالحکومت کے قریبی علاقوں میں داعش کے لیے ہمدردی رکھنے والے مبینہ عناصر کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے۔ خفیہ اداروں کے مطابق داعش کے مونوگرام والے کچھ جھنڈے پی او ایف کمپلکس کے مرکزی دروازے کے قریب لہراتے پائے گئے جبکہ کچھ قریبی موجود بجلی کے کھمبوں پر لگے تھے۔
ابھی تک پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو معلوم نہیں ہو سکا کہ انتہائی محفوظ علاقے میں جھنڈے لہرانے والے کون ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے گرفتاریاں سامنے آئی ہیں۔ انٹیلی جنس افسر نے مزید بتایا کہ ‘تحقیقات کے دوران علاقہ میں مختلف مقامات پر نصب کیمروں کی مدد سے ملوث افراد کو شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے’۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت کے لے پرنٹنگ کا کاروبار کرنے والے کچھ مقامی لوگوں سے بھی معلومات اکھٹی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل ہونے والی تصاویر واضح نہیں اور ابھی تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے ناکامی کا سامنا ہے۔ ‘فوٹیج میں کچھ لوگوں کو جھنڈے نصب کرتے دیکھا جا سکتا ہے لیکن حکام کو ابھی تک ان کے چہروں کی واضح تصاویر نہیں مل سکیں جنہیں نادرا کو بھیجا جا سکے’۔